Home / Sports / ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز، اظہر علی کپتان

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز، اظہر علی کپتان

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر اپنے اعتماد کا وزن اظہر علی کے پلڑے میں ڈالتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 30 ستمبر سے شارجہ میں ہوگا۔

واضح رہے کہ حالیہ دورہ انگلینڈ میں پاکستان کو ون ڈے سیریز میں 1-4 سے شکست کے بعد اظہر علی کی کپتانی پر سوالات اٹھائے جارہے تھے اور یہ افواہیں بھی گردش کررہی تھیں کہ 31 سالہ کرکٹر یا تو خود کپتانی سے دستبردار ہوجائیں گے یا پھر انہیں ہٹادیا جائے گا۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا تھا کہ ٹیم کی وطن واپسی کے بعد وہ اظہر علی کے بطور ون ڈے کپتان مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

اے این آئی نیوز ایجنسی نے پی سی بی کے ایک عہدے دار کے حوالے سے بتایا کہ’کچھ تبدیل نہیں ہورہا، اظہر علی ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے‘۔

دریں اثناء فٹنس مسائل سے دوچار آل راؤنڈر محمد حفیظ کا نام 22 رکنی ابتدائی فہرست میں شامل نہیں جو انضمام الحق کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے ترتیب دی ہے اور اسے پی سی بی کو منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

ٹیسٹ اوپنر سمیع اسلم اور فاسٹ بولر عمر گل بھی ابتدائی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہے جبکہ عمر اکمل اور نوجوان لیفٹ آرم فاسٹ بولر رومن رئیس کو شامل کرلیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دورہ انگلینڈ میں محمد حفیظ کی جگہ آنے والے فاسٹ بولر محمد عرفان جو محض پانچ اوورز کراسکے تھے، ابتدائی فہرست میں موجود ہیں۔

ون ڈے سیریز کے علاوہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

About Daily City Press

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *