Home / World / یورپی یونین کی براتِسلاوا سمٹ کے موقع پر مشترکہ دفاع کو غیرمعمولی اہمیت حاصل
u

یورپی یونین کی براتِسلاوا سمٹ کے موقع پر مشترکہ دفاع کو غیرمعمولی اہمیت حاصل

یورپی یونین کی سمٹ میں ستائیس ملکوں کے رہنماؤں نے بریگزٹ کے بعد کی صورت حال کو نازک قرار دیا ہے۔ یورپی یونین کے رہنماؤں نے دفاع اور سکیورٹی کے معاملات پر قریبی رابطہ کاری کو وقت کی ضرورت خیال کیا

سلوواکیہ کے دارالحکومت براتِسلاوا میں آج جمعرات کے روز ہونے والی غیر رسمی سربراہی کانفرنس میں پہلی مرتبہ برطانیہ شریک نہیں ہے۔ اس کانفرنس میں اس بار یورپی یونین کے دیگر ستائیس رکن ملکوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز پر بریگزٹ کے بعد کی صورت حال پر توجہ مرکوز رہی۔ تمام یورپی سربراہانِ مملکت و حکومت اِس بات پر متفق تھے کہ برطانیہ کے یونین چھوڑنے کے بعد کی صورت حال خاصی نازک ہے اور اب مستقبل کی ازسرنو منصوبہ بندی کرنا لازمی ہے۔ اس اجلاس میں رہنماؤں نے اپنی توجہ پناہ گزینوں کے چیلنج اور سلامتی کے خطرات پر بھی مبذول کی۔ یورپی اقوام کے لیڈروں نے اقتصادی اور پناہ گزینوں کے معاملے پر پیدا شدہ اختلافات کو دانستہ نظرانداز کیا۔

یورپی یونین کی براتِسلاوا سمٹ کے موقع پر مشترکہ دفاع کو غیرمعمولی اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔ تقریباً ہر ملک کا سربراہ اِس مناسبت سے اظہارِ خیال کرنے کی کوشش میں تھا۔ فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ نے کہا کہ وہ براعظم ختم ہو جاتا ہے، جس کا دفاع نہ ہو اور اسی تناظر میں یورپی یونین کی بقا بھی اِس کی مشترکہ دفاعی صلاحیت میں مضمر ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ یونین کی سن 2009 میں طے پانے والی لزبن ٹریٹی مستقل بنیادوں پر اندرونی دفاعی تعاون کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے۔ مبصرین کے مطابق یورپی رہنما اب مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور امریکا سے علیحدہ ہو کر اپنا دفاعی نصب العین اور نظام وضح کرنے کی کوشش میں ہیں۔

براتِسلاوا اجلاس میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا کہ اِس بلاک کا اپنی عالمی حیثیت ثابت کرنا ضروری ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یورپurp کی سب سے بڑی اقتصادی قوت کی سربراہ کی مجموعی حیثیت گزشتہ برس اُن کی جانب سے پناہ گزینوں کو یورپ داخل ہونے کی اجازت سے گہنا گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ براتِسلاوا میں رہنماؤں کی سوچ ظاہر کرتی ہے کہ وہ مل جل کر معاملات کو حل کرنے اور یورپی مسائل کے حل میں سنجیدہ ہیں۔ فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ نے کہا کہ یورپی یونین کو ٹوٹنے کے عمل کا سامنا ہو سکتا ہے، جو اِس بلاک کو مزید کمزور کر دے گا لہذا اِس سے ہٹ کر راستہ چنتے ہوئے اتفاق و اتحاد کے ساتھ یورپ کو ایک واضح موقف سے نوازیں

براتِسلاوا سمٹ کے حوالے سے مبصرین کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتی بیروزگاری کی شرح میں اضافہ، کساد بازی کی صورت حال، مسلح تنازعات کے علاقوں سے یورپ پہنچنے والے لاکھوں پناہ گزین اورخاص طور پر فرانس میں اسلام پسندوں کی جانب سے دہشت گردانہ حملوں نے یورپی باشندوں کی سوچ میں واضح تبدیلی پیدا کر دی ہے۔ اب یہی باشندے یورپی یونین کی مخالفت میں اٹھنے والی آوازوں پر توجہ مبذول کرنے لگے ہیں۔ اس تناظر میں براتِسلاوا سربراہ اجلاس میں رہنماؤں کو مستقبل کی ایسی عملی منصوبہ بندی کرنا ہو گی جس کے مثبت اثرات مرتب ہو سکیں۔

About Daily City Press

Check Also

Prime Minister Imran Khan meeting with Prime Minister of Qatar H.E. Mr. Abdullah bin Nasser bin Khalifa Al Thani at his residence in Doha, Qatar on 21st January, 2019

وزیراعظم عمران خان قطر کے 2روزہ سرکاری دورہ پر دوحہ پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان قطر کے 2روزہ سرکاری دورہ پر دوحہ پہنچ گئے دوحہ ۔ ،وزیراعظم …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *